कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

نرمیِ دل انسانیت کی بنیاد

تحریر: ڈاکٹر محمد عبد السمیع ندوی
اسسٹنٹ پروفیسر، مولانا آزاد کالج آف آرٹس، سائنس اینڈ کامرس، اورنگ آباد (مہاراشٹر)
موبائل: 9325217306

نرمیِ دل انسان کے اخلاقی وجود کی سب سے اعلیٰ صفت ہے۔ یہ وہ نعمت ہے جس سے اگر کسی کو محروم کر دیا جائے تو سمجھ لیجیے کہ وہ ہر خیر سے محروم ہو گیا۔ نرم دلی وہ روشنی ہے جو انسان کے اندر سے پھوٹتی ہے اور دوسروں کے دلوں تک پہنچتی ہے۔ یہ وہ احساس ہے جو ہمیں اپنے رب کے قریب کرتا ہے اور انسانوں کے دکھ درد میں شریک ہونے کا سلیقہ سکھاتا ہے۔
کبھی رک کر سوچیں، ہماری روٹی کا ایک ٹکڑا کسی غریب کا پیٹ بھر سکتا ہے۔ ہمارے لبوں سے نکلا ہوا ایک نرم لفظ کسی کے دل میں امید جگا سکتا ہے۔ ہمارے ہاتھ کسی بوڑھے کا سہارا بن سکتے ہیں۔ صرف ایک قدم نیکی کی طرف بڑھانے کی دیر ہے، پھر جو سکون ملتا ہے وہ دل کے اندر اتر جاتا ہے۔
نیک بننے کے لیے کسی معجزے یا بڑے کارنامے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ نیکی کوئی بڑی بات نہیں، یہ ایک چھوٹا سا احساس ہے جو دل کے اندر جاگ جائے تو انسان کی دنیا بدل دیتا ہے۔ بدقسمتی سے ہم روز انہی نعمتوں کو ضائع کر دیتے ہیں جن کے لیے کوئی دوسرا ساری رات بھوکا سو جاتا ہے۔ کسی کے پاس پہننے کو کپڑے نہیں، اور ہم الماریوں میں فالتو کپڑے سجا کر بھول جاتے ہیں۔ کسی کے پاس علاج کے پیسے نہیں، اور ہم فضول خرچی میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ کسی کے گھر چولہا نہیں جلتا، اور ہم پلیٹوں میں رزق چھوڑ دیتے ہیں۔ کیا یہ انصاف ہے؟
اللہ نے ہم سب کے پاس کچھ نہ کچھ دینے کے لیے ضرور رکھا ہے، لیکن ہم خودغرضی کے خول میں چھپ گئے ہیں۔ نیکی بڑے کاموں میں نہیں، چھوٹی چھوٹی باتوں میں پوشیدہ ہے — کسی کی بات صبر سے سن لینا، کسی غمزدہ کو تسلی دینا، کسی کے لیے دعا کرنا، کسی بچے کو مسکرا دینا، کسی مزدور کو پانی کا گلاس دینا، یا کسی یتیم کے سر پر شفقت سے ہاتھ رکھنا یہ سب وہ اعمال ہیں جو ہمیں اللہ کے قریب کر دیتے ہیں۔
دنیا کی ہر چیز وقت کے ساتھ ختم ہو جاتی ہے، لیکن نیکی کبھی ختم نہیں ہوتی۔ نیکی دلوں میں نقش ہو جاتی ہے اور اللہ کے ہاں محفوظ رہتی ہے۔ آج کا انسان انسان سے غافل ہے۔ دلوں میں نفرت، زبانوں پر زہر، اور آنکھوں میں خودغرضی ہے۔ ہم بھول گئے ہیں کہ انسان کی اصل قیمت اس کے مال میں نہیں، اس کے اخلاق میں ہے۔ دولت والے نہیں، احساس والے امیر ہوتے ہیں۔
اگر آپ کسی کے آنسو پونچھ سکتے ہیں، کسی مایوس دل میں امید جگا سکتے ہیں، یا کسی کے چہرے پر ایک لمحے کی مسکراہٹ لا سکتے ہیں، تو یقین جانیے آپ دنیا کے سب سے خوش نصیب انسان ہیں۔ کسی کے لیے آسانی پیدا کرنا، کسی کی تکلیف دور کرنا یا کسی کو تھوڑی سی خوشی دینا — یہ سب نیکی کے وہ رنگ ہیں جو دل میں روشنی اور سکون پیدا کرتے ہیں۔
نیکی کا اصل صلہ دولت یا شہرت نہیں، بلکہ وہ اطمینان ہے جو دل کے اندر اترتا ہے۔ یاد رکھیں، نیکی کے لیے دولت کی ضرورت نہیں، صرف ایک نرم دل کی ضرورت ہے۔ اگر آپ کے پاس کچھ نہیں، تب بھی آپ اپنی دعا، اپنی مسکراہٹ اور اپنی محبت کے ذریعے کسی کے دل میں امید کی شمع جلا سکتے ہیں۔
اس لیے نیکی کرتے رہیں، چاہے کوئی دیکھے یا نہ دیکھے کیونکہ اللہ دیکھ رہا ہے، اور وہی دلوں کے حال جانتا ہے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے