कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ناندیڑ کے ادبی آسمان کا ایک اورروشن ستارہ معدوم

تحریر:حبیب مسعود،ناندیڑ

مجھے تقی صاحب مدیر اعلیٰ ورق تازہ کا فون آیا۔۔کہاکیا ڈاکٹر ضیاالحسن صاحب کے انتقال کی خبرملی ہے۔میں نے کہا بالکل نہیں دوروز قبل ہی ماجد سر کے یہاں شادی میں ملے تھے۔انہوں نے پھر” کہا آپ معلومات لیجئے”۔میں واٹسپ کے پیغامات کھنگالنے لگا۔ایک جگہ سیاہ بورڈ پر انتقال کی خبرکا لکھاہوا میسج ملا۔ خبر صحیح تھی ۔ ممتاز ادیب، صاحبِ طرز خاکہ نگار اور بہترین طنزو مزاح نگارڈاکٹر ضیاء الحسن صاحب اپنےخالقِ حقیقی سے جاملے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔
میری ان سے پہلی ملاقات پی این کالج میں96-1995ء جب میں وہاں کا طالب علم تھا ہوئی۔میں نے اپنا تعارف دیاوہ بہت خوش ہوئے،کہاکہ آپ ہمارے استادِ محترم کے فرزند ہو۔ مصافحہ کیا کہا۔۔۔ ان شاءاللہ ملاقات کریں گے۔
پھر گاہے گاہے کسی تقریب میں یا مشاعروں میں ملاقات ہوہی جاتی ۔شخصی طور سے ڈاکٹر ضیا الحسن صاحب بردبار اور اعلیٰ ظرفی کا حسین امتزاج تھے۔ ناندیڑ کے ادبی حلقوں میں انہیں نہ صرف ان کے نوک قلم کی وجہ سے جانا جاتا تھابلکہ ان کی منکسرالمزاجی اور ہردلعزیزی انکی شخصیت کا اصل تعارف تھا۔
ان کی تحریر میں طنز و مزاح کا ایسا بانکپن تھا کہ قاری اندر ہی اندر مسکرائے بغیر نہیں رہتا۔بسااوقات وہ معاشرے کی بے چینیوں کو ظرافت کے لبادے میں اس طرح پیش کرتے ہیں کہ قاری محظوظ بھی ہوتااور اپنا محاسبہ بھی کرتا ہے۔
ڈاکٹر صاحب کو فنِ خاکہ نگاری میں ملکہ حاصل تھا۔ انہوں نے اپنے معاصرین کے لئےجو خاکے لکھے، وہ لفظی مرقع نگاری کا بہترین نمونہ ہیں۔ مجھے یقین ہے ان کی تحریروں کو یکجا کیا جائے تو ایک ضخیم کتاب ہوجائیگی۔
انہوں نے مراہٹی اخبارات سے جو تراجم کئے ہیں وہ بالکل اردو زبان ہی کا خیال نظرآتا ہے۔ مراہٹی زبان کےمافی الضمیرکو اپنی زبان میں ادا کرنا اور اس فن کی باریکیوں سے واقفیت کا ہنر میں وہ شہر میں یکتا تھے۔
ڈاکٹر صاحب کی بڑی خواہش تھی کہ وہ پی این کالج ہی میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی بسر کرے لیکن کچھ نامساعد حالات واقعات اور رنجشوں نے انہیں پروٹیکشن نہیں دیا۔جس کا افسوس انہیں تا عمر رہا۔وہ برملا اس بے کلی کااظہارکیاکرتےتھے۔
ڈاکٹر صاحب کی کمی کو اردوداں طبقہ دیر تک محسوس کرے گا۔
اللہ رب العزت ڈاکٹر ضیاء الحسن صاحب کی تمام علمی، ادبی اور انسانی خدمات کو شرف قبولیت بخشے۔ ان کی لغزشوں کو درگزر کرے انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے تمام سوگواروں ومداحوں کو صبرو جمیل دے۔ آمین
نمائشِ فن نہ تھی صلے کی تمناکبھی
درویش اپنی مرضی جی کر چلا گیا

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے