कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ناندیڑ پولیس اور میونسپل کارپوریشن کی کارروائی، ورکشاپ سے پولیس پیٹرول پمپ تک 165 غیرقانونی تجاوزات ہٹائے گئے

کارروائی سے قبل متبادل جگہ اور روزگار کے لیے مناسب حل تلاش کرنا ناگزیر!

ناندیڑ:24؍اپریل ( نمائندہ اعتبار) ناندیڑ پولیس اور ناندیڑواگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کی پریشانیوں پر قابو پانے اور سڑکوں پر کیے گئے غیرقانونی تجاوزات کے باعث شہریوں اور ٹریفک کو ہونے والی مشکلات کے پیش نظر تجاوزات ہٹانے کی مہم چلائی گئی۔ اس ضمن میں پولیس سپرنٹنڈنٹ ابیناش کمار نے تجاوزات ہٹانے کی ہدایت جاری کی تھی۔جس کے مطابق آج 24 اپریل 2025 ء کو صبح 10 بجے سے ناندیڑ شہر کے تعلقہ اتوارہ کے انچارج سب ڈویژنل پولیس آفیسر سشیل کمار نائک، پولیس انسپکٹر رامداس شینڈگے (بھاگیہ نگرپولیس اسٹیشن ) نے میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے ورکشاپ سے لے کر پولیس پیٹرول پمپ تک کے راستے پر موجود غیرقانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔اس کارروائی کے دوران غیرقانونی طور پر بنائے گئے اسٹالز، گاڑیاں، بورڈز، بینرز اور دیگر سامان سمیت کل 165 تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔ تجاوزات کا یہ سامان میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ضبط کر لیا گیا۔اس مہم میں میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر اجیت پال سنگھ سندھو، اسسٹنٹ کمشنر سونسلے، 7 افسران اور 60 ملازمین شریک ہوئے۔ پولیس محکمہ کی جانب سے سب ڈویژنل پولیس آفیسر سشیل کمار نائک، پولیس انسپکٹر رامداس شینڈگے، بھاگیہ نگر کے 5 پولیس افسران، 20 پولیس کانسٹیبلز، دیگر پولیس اسٹیشن کے 2 افسران اور 10 کانسٹیبلز، نیز فسادات کنٹرول دستہ کا ایک پلاٹون موجود تھا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ ابیناش کمار کی رہنمائی میں شہر سے غیرقانونی تجاوزات ہٹانے کی یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ بہت سے افراد کے لیے سڑک کنارے اسٹالز اور چھوٹے کاروبار روزی روٹی کا ذریعہ ہوتے ہیں۔ اچانک کارروائی کیے جانے سے وہ مالی طور پرشدید متاثر ہوئے ہیں۔ انتظامیہ اور بااثر افراد کو ایسے چھوٹے کاروباریوں کے لیے کارروائی سے قبل متبادل جگہ اور روزگار کے لیے مناسب حل تلاش کرنا ناگزیر ہے۔ کیونکہ یہ محض اسٹالز نہیں تھے، یہ کسی کے خوابوں کی چھوٹی سی دکانیں تھیں۔ کسی نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے پیسے جوڑنے کی امید یہاں لگا رکھی تھی تو کسی نے بیمار ماں کی دوا کے پیسے انہی راستوں کے نکڑ پر لگے ایک چھوٹے سے ریہڑی (گاڑے)سے کمائے تھے۔ یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے نہ کبھی کسی کے آگے ہاتھ پھیلایا، نہ جرم کیا، بس عزت کی دو روٹی کے لیے دن بھر دھوپ کا مقابلہ کرتے رہے۔مگر تجاوزات ہٹانے کے دوران ان کا سامان اٹھا لیا گیا، جیسے وہ انسان نہیں صرف رکاوٹیں ہوں۔ ان کی آنکھوں میں صرف بےبسی تھی، ان ہاتھوں میں جو کبھی محنت کی خوشبو رکھتے تھے، اب لرزتے سوال تھے’’اب کیا کریں گے؟ بچوں کو کیا کھلائیں گے؟‘‘انتظامیہ اور سماج کے بااثر افراد سے درخواست ہے کہ ان چھوٹے کاروباریوں کو نظرانداز نہ کریں۔ ان کے لیے متبادل جگہ اور باعزت روزگار تلاش کرناہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ کل جب ہم ان کی گلیوں سے گزریں تو ان کی خاموشی چیخ بن کر ہمارے ضمیر کو جھنجھوڑ دے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے