किया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

میونسپل کارپوریشن کی کُتوں کی نس بندی و ٹیکہ کاری ہیلپ لائن سروس فعال شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی

ناندیڑ:2؍اگست( شیخ عمران) ناندیڑ شہر میں آوارہ گھومنے والے کتوں سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے میونسپل کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر مہیش کمار دوئفوڑے کی قیادت میں میونسپل کارپوریشن نے کُتوں سے متعلق شکایات درج کرنے کے لیے ایک ہیلپ لائن سروس شروع کی ہے، جو مؤثر طور پر کام کر رہی ہے۔ اس سہولت کے ذریعے شہری اپنے علاقے میں موجود آوارہ کتوں سے متعلق شکایات آسانی سے درج کر سکتے ہیں، جن پر متعلقہ عملہ فوری کارروائی کرتا ہے، جس سے شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔اس ہیلپ لائن سروس سے شہریوں اور میونسپل کارپوریشن کے درمیان ہم آہنگی میں اضافہ ہوا ہے اور عوامی صحت و تحفظ کے لیے یہ ایک اہم قدم ہے۔ ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن، ناندیڑ اور اتکرش گلوبل فاؤنڈیشن، ممبئی کے اشتراک سے ناندیڑ شہر میں آوارہ کتوں کی سائنسی اور قانونی طریقے سے نس بندی و ٹیکہ کاری (Animal Birth Control – ABC) کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ یہ مہم Prevention of Cruelty to Animals Act, 1960، Animal Birth Control (Dogs) Rules, 2001 اور Animal Welfare Board of India کی رہنمائی میں نافذ کی جا رہی ہے۔اس منصوبے کے تحت تربیت یافتہ "ڈاگ کیچنگ ٹیم” کام کر رہی ہے۔ شہریوں کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات پر 8655422900 پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ کتوں کو پکڑ کر فعال نس بندی و ٹیکہ کاری مرکز لے جایا جاتا ہے، جہاں ان کا طبی معائنہ، نس بندی اور ریبیز سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جاتے ہیں۔ بعد ازاں انہیں Animal Birth Control (Dogs) Rules, 2001 کے تحت ان کے اصل مقام پر واپس چھوڑ دیا جاتا ہے۔اس مہم کے تحت Zoonosis یعنی جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں کے بارے میں شہریوں میں بیداری پیدا کی جا رہی ہے۔ ان بیماریوں میں ریبیز ایک انتہائی مہلک اور سنگین بیماری ہے جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتی ہے۔ اس لیے آوارہ اور پالتو کتوں کی ٹیکہ کاری عوامی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اسی کے پیش نظر اسکولوں، کالجوں، سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر تصویری پمفلٹس کے ذریعے بیداری مہم چلائی جا رہی ہے اور شہریوں کو درج ذیل ہدایات دی جا رہی ہیں:اگر آوارہ یا پالتو کتا کاٹ لے تو زخم کو فوراً صاف پانی اور صابن سے 15 تا 20 منٹ تک دھونا چاہیے۔کسی بھی قسم کے گھریلو ٹوٹکے جیسے ہلدی، چائے کی پتی، چونا وغیرہ کا استعمال نہ کیا جائے۔فوراً قریبی سرکاری اسپتال جا کر ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں اور ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق مکمل ڈوز لیں۔شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے پالتو کتوں کا میونسپل کارپوریشن میں رجسٹریشن کروائیں اور "ڈاگ لائسنس” حاصل کریں، ہر سال ٹیکہ کاری کروانا لازم ہے۔پالتو کتوں کو عوامی مقامات پر لے جاتے وقت زنجیر اور مَسک (مُنہ پر باندھنے والی پٹی) کا استعمال ضروری ہے۔اس مہم کا مقصد شہریوں اور جانوروں کے درمیان محفوظ بقائے باہمی، عوامی صحت کا تحفظ اور جانوروں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے۔اس مہم کی کامیاب عمل آوری کے لیے میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار دوئفوڑے کی رہنمائی میں ڈپٹی کمشنر اجیت پال سنگھ سندھو کی نگرانی میں ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر محمد رئیس الدین اور کلرک شانتارام توبارے نے خصوصی محنت کی ہے۔ناندیڑ شہر کے تمام جانور دوست شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ اگر ان کے علاقے میں آوارہ یا گھومنے والے کتے نظر آئیں تو میونسپل کارپوریشن کی آفیشل ہیلپ لائن 8655422900 پر رابطہ کر کے اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor aitebar news, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے