कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

مہاراشٹر TET 2025 کا اعلان: آئیٹا مہاراشٹر اساتذہ و طلبہ کی رہنمائی کے لیے سرگرم

پونے:15؍ ستمبر(بذریعہ شریف خان) معیارِ تعلیم بہتر بنانے کے لیے وقتاً فوقتاً قوانین اور پالیسیوں میں تبدیلی کی جاتی رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ملک کی عدالتِ عظمیٰ نے حال ہی میں ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک پڑھانے والے تمام اساتذہ کے لیے معلم اہلیتی امتحان (TET/CTET) کامیاب کرنا لازمی ہوگا۔ یہ شرط صرف نئی تقرری تک محدود نہیں بلکہ ملازمت برقرار رکھنے اور ترقی حاصل کرنے کے لیے بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامینیشن کونسل، پونے نے ریاست بھر میں ٹیچر اہلیتی امتحان (MAHATET) 2025 کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ یہ امتحان بروز اتوار، 23 نومبر 2025 کو دو مرحلوں میں منعقد ہوگا۔
کونسل کے مطابق آن لائن درخواست فارم بھرنے اور فیس جمع کرنے کی سہولت 15 ستمبر تا 3 اکتوبر 2025 دستیاب ہوگی۔ اس مدت کے بعد کوئی بھی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ داخلہ پرچی (ایڈمٹ کارڈ) امیدوار 10 نومبر سے 22 نومبر 2025 کے درمیان سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کرسکیں گے۔
امتحانی اوقات حسبِ ذیل ہیں:
پیپر اوّل (پرائمری سطح: جماعت 1 تا 5) صبح 10:30 بجے تا دوپہر 1:00 بجے۔
پیپر دوم (اعلیٰ پرائمری سطح: جماعت 6 تا 8) دوپہر 2:30 بجے تا شام 5:00 بجے۔
کونسل نے واضح کیا ہے کہ فارم صرف آن لائن ہی قبول کیے جائیں گے اور تمام تفصیلات درست درج کرنا ضروری ہیں، ورنہ فارم مسترد کردیا جائے گا۔ مزید ہدایات اور امتحانی مراکز کی تفصیلات صرف کونسل کی سرکاری ویب سائٹس www.mahatet.in اور www.mscepune.in پر شائع ہوں گی۔
سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ اور بڑھتی ہوئی اہمیت:
یکم ستمبر 2025 کو سپریم کورٹ آف انڈیا نے ایک فیصلہ صادر کیا جس نے تعلیمی حلقوں میں ہلچل مچا دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ:
2011 کے بعد تقرر شدہ اساتذہ اگر TET کامیاب نہیں کرتے تو ان کی تقرری کالعدم قرار دی جائے گی۔
2011 سے قبل تقرر شدہ اساتذہ کو صرف اس صورت میں رعایت ملے گی کہ ریٹائرمنٹ میں پانچ سال سے کم مدت باقی ہو۔ تاہم، ایسے اساتذہ کو پروموشن کا حق نہیں ہوگا۔
اگر ریٹائرمنٹ میں پانچ سال سے زیادہ عرصہ باقی ہے تو ان اساتذہ کو دو سال کے اندر لازمی طور پر TET کامیاب کرنا ہوگا، بصورت دیگر انہیں جبری ریٹائرمنٹ دی جاسکتی ہے۔
نئی تقرری کے ساتھ ساتھ پروموشن کے لیے بھی TET/CTET لازمی ہوگا۔یہ فیصلہ ملک بھر کے لاکھوں اساتذہ پر براہِ راست اثر ڈالے گا۔بالخصوص مہاراشٹر جیسی ریاست میں جہاں TET امتحان کے ذریعے بھرتیاں کی جاتی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مہاراشٹر میں ٹی ای ٹی گھوٹالہ منظرِ عام پر آیا تھا، جس میں آٹھ ہزار سات سو امیدواروں کے سرٹیفکیٹ جعلی ثابت ہوئے تھے۔ یہ معاملہ اب بھی سائبر کرائم پونہ کے تحت زیرِ تفتیش ہے اور کئی اساتذہ اس کی زد میں ہیں۔ ایسے حالات میں شفاف اور بروقت امتحان کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ تعلیمی نظام پر عوام کا اعتماد بحال ہوسکے۔
اس اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد عتیق شیخ، صدر آئیٹا مہاراشٹر نے کہا:”ریاست کے ہزاروں امیدوار اور برسرِ خدمت اساتذہ اس امتحان کے اعلان کے منتظر تھے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد TET کی اہمیت دوگنی ہوگئی ہے۔ اب یہ امتحان نہ صرف نئی بھرتیوں کے لیے بلکہ ملازمت میں ترقی اور تسلسل کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ آئیٹا مہاراشٹر حکومت سے اپیل کرتا ہے کہ یہ امتحان شفافیت کے ساتھ، وقت پر اور کسی رکاوٹ کے بغیر منعقد کیا جائے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ آئیٹا مہاراشٹر جلد ہی اساتذہ اور طلبہ کے لیے رہنمائی ورکشاپس منعقد کرے گی تاکہ امیدواروں کو امتحان کے تقاضوں، پیپر پیٹرن اور تیاری کے نکات سے بخوبی آگاہ کیا جاسکے۔ ساتھ ہی ایک آن لائن ویبنار سیریز کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ ریاست کے دور دراز علاقوں کے امیدوار بھی رہنمائی حاصل کرسکیں۔
سپریم کورٹ کے فیصلے اور مہاراشٹر میں اعلان کردہ TET 2025 نے واضح کردیا ہے کہ آنے والا وقت اساتذہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ایک طرف یہ اقدام معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے کا ضامن ہے تو دوسری طرف برسرِ خدمت اساتذہ کے لیے امتحان کی تیاری اور کامیابی لازمی ہو گئی ہے۔ ریاستی اور مرکزی حکومت کے سامنے اصل امتحان یہ ہے کہ وہ ان اہلیت ٹیسٹ کو شفافیت، منصفانہ عمل اور بروقت طریقے سے منعقد کریں تاکہ نہ صرف اساتذہ بلکہ طلبہ اور تعلیمی نظام کو حقیقی فائدہ پہنچ سکے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے