कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

محرم الحرام کی فضیلت اور عاشورہ کا روزہ

تحریر:فتاب عالم ندوی خیرآبادی( مبلغ دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ)

محرم الحرام کا مہینہ بڑی عظمت و حرمت والا مہینہ ہے ،اسی مہینے سے اسلامی سال کا اغاز ہوتا ہے، اس کی عظمت و حرمت کو خود قران کریم میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے بیان فرمایا ہے ارشاد ربانی ہے مہینوں کی گنتی اللہ کے نزدیک 12 مہینے ہیں جس روز اللہ تعالیٰ نے زمین و آسمان پیدا کیے تھے اسی روز سے ان میں چار مہینے خاص ادب کے ہیں یہی دین مستقیم ہے سو ان میں اپنے اوپر ظلم مت کرو۔(سورۃ التوبہ۔آیت نمبر 36)
پوری امت کا متفقہ فیصلہ ہے ان حرمت والے چار مہینوں سے مراد یہ مہینے ہیں محرم ،رجب، ذیقعدہ، ذو الحجہ- ان مہینوں کی حرمت کا مطلب یہ ہے کہ ان مہینوں میں طاعت کا ثواب بھی زیادہ ہوگا اور اللہ کی نافرمانیوں اور گناہوں پر عذاب اور وبال بھی سخت ترین ہوگا لہٰذا خاص طور پر ان مہینوں میں اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کر کے اپنے اوپر ظلم مت کرو کیونکہ ان مہینوں میں ثواب و عقاب دونوں کی زیادتی ہوتی ہے۔ (تفسیر کبیر صفحہ 54 جلد نمبر 6)
حافظ ابن کثیرؒ نے اپنی تفسیر میں ان مہینوں کی حرمت و عظمت سے متعلق حدیث نقل کرنے کے بعد تحریر فرماتے ہیں کہ ان مہینوں کے حرمت اب بھی باقی ہے اور اخیر وقت تک باقی رہے گی اسلاف کا یہی مذہب ہے اس کا تقاضا یہ ہے کہ اس کی عظمت و حرمت کو دل سے تسلیم کیا جائے اللہ تعالیٰ کے محرمات یعنی جن باتوں سے اللہ تعالیٰ نے منع کیا ہے ان سے پورے طور پر اعتراض کیا جائے بچا جائے یہی اس کی حرمت کا مطلب ہے، ( ابن کثیر صفحہ نمبر 4 جلد نمبر 2)
علامہ آلوسی ؒاور قرطبی ؒ نے بحث کرتے ہوئے اصولی انداز میں تحریر فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے بعض مقامات اور اوقات کو بعض پر فوقیت بخشی ہے جن میں سے طاعات کا ثواب بھی زیادہ ہوتا ہے اور معاصی کا عذاب وبال بھی سخت ہو جاتا ہے مثلاً احرام میں یا حرم پاک میں کوئی گناہ کرنے لگے تو اس کا عذاب سخت ترین ہوگا یہی حال ان مہینوں کا بھی ہے۔ ( روح المعانی صفحہ نمبر 92 جلد نمبر 10- قرطبی صفحہ نمبر 86 جلد نمبر 8)
حضرت مولانا مفتی محمد شفیع ؒ اپنی تفسیر میں تحریر فرماتے ہیں: تمام انبیاء علیہم السلام کی شریعتیں اس پر متفق ہیں کہ ان چار مہینوں میں ہر عبادت کا ثواب زیادہ ہوتا ہے اور ان میں کوئی گناہ کرے تو اس کا وبال اور عذاب بھی زیادہ ہے۔( معارف القران صفحہ نمبر 37 جلد نمبر 4 )قاضی ثنا اللہ پانی پتیؒ نے حضرت قتادہ ؓ کے حوالے سے تحریر فرمایا ہے کہ ان مہینوں میں نیک کاموں کا اجر بھی زیادہ ہوگا اور گناہوں کا وبال بھی سخت ہوگا -(تفسیر مظہری صفحہ 202 جلد نمبر 4)
محرم الحرام مہینے کے پہلے عشرہ کی فضیلت:یوں تو محرم الحرام کا پورا مہینہ ہی افضل ہے لیکن خاص طور پر اس کے پہلے عشرہ کی فضیلت واہمیت زیادہ ہے حافظ ابن رجب نے حضرت ابو عثمان النہدی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہمارے اسلاف تین عشروں کی بڑی قدر کرتے اور اس کا بڑا لحاظ رکھتے تھے ایک رمضان شریف کا اخیرعشرہ ،دوسرے ذی الحجہ کا پہلا عشرہ ، تیسرے محرم الحرام کا پہلا عشرہ۔نیز وہب بن منبہؒکے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حضرت موسیٰ ؑاللہ نے حکم دیا تھا کہ اپنی قوم سے کہیے کہ محرم کے پہلے عشرہ میں توبہ کریں اور جب عاشورہ یعنی محرم کی دسویں تاریخ ہو تو میری طرف آئیں میں ان کو معاف کر دوں گا ، اپنی رحمت متوجہ کروں گا۔ (الطائف المعارف صفحہ نمبر 31 )
محرم الحرام کی فضیلت اور اس ماہ میں روزے رکھنے کی اہمیت:مسلم شریف میں حضرت ابوہریرہ ؓ سے مروی ہے کہ آپ ؐسے سوال کیا گیا کہ رمضان شریف کے بعد سب سے افضل روزے کون سے ہیں آپ ؐنے فرمایا رمضان کے بعد سب سے افضل روزے اللہ کے مہینے یعنی محرم کے ہیں (مسلم شریف)
ترمذی شریف کی روایت میں ہے کہ ایک شخص نے عرض کیا یا رسول ؐ مجھے بتلائیے کہ رمضان کے بعد سب سے زیادہ روزے کس ماہ میں رکھیں ؟آپ ؐ نے ارشاد فرمایا رمضان کے علاوہ اگر روزے رکھنا ہے تو محرم کا مہینہ جو کہ اللہ کا مہینہ ہے اس کے لیے زیادہ مناسب ہے اس میں روزے رکھا کرو جس میں اللہ تعالیٰ نے ایک قوم کی توبہ قبول فرمائی اور دوسروں کی بھی توبہ قبول کرے گا. ( ترمذی شریف)
یوم عاشورہ کی اہمیت و برکت کا اندازہ اس سے ہوتا ہے کہ اللہ تعالی کی رحمت خاصہ اپنے بندوں پر اسی دن ہوئی اور انعامات خداوندی اور نصرت و برکت کے متعدد واقعات اسی دن کے منقول ہیں۔حافظ ابن رجب حنبلیؒنے مصنف عبدالرزاق ؒ سے حدیث پاک نقل فرمائی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے عاشورہ کے دن حضرت آدم ؑ کی توبہ قبول فرمائی، نیزحضرت عباس ؓسے بھی اسی طرح منقول ہے۔(الطائف المعارف صفحہ نمبر 53)
یہی وہ دن ہے جس میں حضرت یونس ؑپر اللہ تعالیٰ کی رحمت خاصہ متوجہ ہوئی اور آپ کو مچھلی کے پیٹ سے نجات نصیب ہوئی۔ حضرت ابو موسٰی المدینی نے اپنی سند سے حضرت علی ؓ سے نقل فرمایا ہے کہ حضرت یونس ؑکی توبہ اسی دن قبول ہوئی۔( الطائف المعارف )
عاشورہ یعنی محرم الحرام کی دسویں تاریخ ہی ہے جس میں حضرت نوح ؑ کی کشتی جودی پہاڑ پر ٹھہری اور تمام مومنین کو اللہ کے نافرمانوں سے نجات نصیب ہوئی تھی جس کے شکریہ میں حضرت نوح ؑ نے بھی عاشورہ کا روزہ رکھا تھا چنانچہ مسند احمد میں حضرت ابوہریرہ ؑ کی روایت میں اس کی تصریح ہے جس کو حافظ حجر ؒ نے بھی نقل فرمایا ہے۔(فتح الباری صفحہ نمبر 310 جلد نمبر 4)
علامہ عینیؒنے عمدہ القاری شرح بخاری میں مفصل کلام فرمایا ہے اور تحریر فرمایا ہے کہ عاشورہ کو عاشورہ کہتے ہی اسی وجہ سے ہیں کہ اس دن میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے 10 بڑے بڑے انعامات ان کے مخصوص بندوں کو عطا ہوئے۔
یہی وہ بابرکت دن ہے جس میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے جلیل القدر پیغمبر حضرت موسیٰؑ کو حق تعالیٰ سے ہم کلامی کا شرف حاصل ہوا، حضرت موسیٰ ؑ کیلئے دریائے نیل میں راستے بن جانا اور فرعون کے مظالم سے نجات پانا اور فرعون اس کی فوج کا دریائے نیل میں غرق ہوجانا اسی تاریخ میں ہوا جس کے شکریہ میں حضرت موسیٰ ؑنے عاشورہ کا روزہ رکھا چنانچہ بخاری شریف کے روایت میں شیخ الاسلام حافظ ابن تیمیہؒ نے بھی اس کی تصریح فرمائی ہے حضرت عکرمہؓ فرماتے ہیں کہ یہی وہ تاریخ 10 محرم الحرام کی ہے جس میں حق تعالیٰ نے حضرت داؤد ؑ و حضرت آدم ؑ کی توبہ قبول فرمائی۔ ( عمدۃ القاری شرح بخاری صفحہ نمبر 118 جلد نمبر 11)
محرم الحرام کا مہینہ بڑا مقدس، بڑی رحمت والا و عظمت والا اور خیر و برکت والا ہے، اس کی حرمت و عظمت کے لیے اتنی بات کافی ہے کہ حضرت محمد ؐ نے جس کو اللہ کا مہینہ فرمایا ہے اور اس مہینے میں اللہ کی طرف سے بڑے بڑے انعامات اور انوار و برکات کی بارش ہوتی ہے اس کی یہ حرمت و عظمت ابن کثیر کی تصریح کے مطابق آج بھی ہے اور اخیر تک رہے گی۔
محرم الحرام کے مہینہ میں نیک کاموں کا ثواب اور گناہوں کا عذاب بھی زیادہ ہوتا ہے اسی لیے مسلمانوں کو اس میں خاص طور پر حرام اور ناجائز کاموں سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے اور ان اعمال کو زیادہ سے زیادہ اختیار کرنا چاہیے جن سے اللہ کی رحمت اور اس کی طرف سے خیر و برکت کا نزول ہوتا ہے اس مہینے میں جو بھی نیک کام کیا جائے گا وہ خیر و برکت کا باعث ہوگا اور اس کا ثواب بھی زیادہ ہوگا ،اللہ تعالیٰ ہم سب کو بدعات اور رسومات سے بچاکر توحید خالص اور سنت نبوی ؐ کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطافرمائے اور وہ کا م کرنے میں مدد فرمائے جس سے اللہ کی رضا ء نصیب ہوسکے تاکہ دونوں جہان میں کامیابی مل سکے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے