कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

فیض کیمپس میں یومِ جمہوریہ کے موقع پر اول تا چہارم جماعت کا شاندار ثقافتی پروگرام

پربھنی:26؍جنوری( ضلع نامہ نگار اعتبار نیوز محمد سرور شریف )یومِ جمہوریہ کے پُرمسرت موقع پر 26 جنوری کو فیض کیمپس میں اول تا چہارم جماعت کے ننھے طلبہ و طالبات کے لیے ایک شاندار اور رنگا رنگ ثقافتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر بچوں نے مختلف حب الوطنی، اخلاقی اور سماجی گیتوں اور نظموں پر دلکش انداز میں پروگرام پیش کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔ پورا کیمپس قومی جوش، خوشی اور مسرت کے ماحول سے گونج اٹھا۔پروگرام کا آغاز معزز مہمانوں کے پرتپاک استقبال سے ہوا۔ اس تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر ڈاکٹر یوسف (اورنگ آباد)، شفیع احمد شفیع، پروفیسر زبیر اور ادارے کے معزز اراکین شریک رہے۔ ادارے کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد سمیع اللہ خان نے تمام مہمانوں کا پُرخلوص استقبال کرتے ہوئے ان کی آمد کو ادارے کے لیے باعثِ اعزاز قرار دیا۔پروگرام کی نظامت کے فرائض محترمہ حنا کوثر نے نہایت خوش اسلوبی، روانی اور سلیقہ مندی سے انجام دیے، جس کے باعث پروگرام منظم اور پُراثر انداز میں آگے بڑھتا رہا۔ ننھے طلبہ و طالبات نے اپنی معصومانہ پیشکشوں سے حب الوطنی، اتحاد اور بھائی چارے کا خوبصورت پیغام دیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔اس موقع پر کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات کے ساتھ ان کے سرپرست حضرات بھی موجود تھے۔ تقریب میں ادارے کی سابقہ اساتذہ محترمہ سائرہ خرشید، اظہری باجی، شہانہ باجی اور صفیہ باجی کی موجودگی نے پروگرام کی وقار میں مزید اضافہ کیا۔ ان تمام سابقہ اساتذہ کا پرتپاک استقبال ادارے کی سرپرست محترمہ انیس صدیقی صاحبہ نے کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد ابرار علی خان نے ادارے کے قیام کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور طلبہ و طالبات کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے کی جانے والی مختلف تعلیمی، ثقافتی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ فیض کیمپس بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت کو بھی اولین ترجیح دیتا ہے۔پروگرام کے اختتام پر مختلف سرگرمیوں میں اول آنے والے طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا، جس سے بچوں میں خوشی اور جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ مہمانوں اور سرپرست حضرات نے اساتذہ کرام اور طلبہ کی محنت، تیاری اور نظم و ضبط کو خوب سراہا۔آخر میں صدرِ مدرس فیض کیمپس جناب صفی اللہ خان اور پرنسپل جناب ثناءاللہ خان نے اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام مہمانوں، سرپرست حضرات، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح کے تعلیمی و ثقافتی پروگراموں کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جائے گا۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے