कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

عشرۂ اُردو کے زیرِ اہتمام اُردو کارواں اورنگ آباد کے شاندار انٹر اسکول ادبی و تعلیمی مقابلے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

اورنگ آباد:30؍نومبر(راست)عشرۂ اُردو کے تحت اُردو کارواں اورنگ آباد کی جانب سے شہر کے پرائمری و ہائ اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے لیے معیاری، منظم اور یادگار ادبی و تعلیمی مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے کی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد نئی نسل میں اردو زبان سے محبت، فنِ گفتگو و اظہار کی مہارت، اعتماد اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا تھا، جسے اردو کارواں نے بھرپور کامیابی کے ساتھ انجام دیا۔
27 نومبر بروز جمعرات انٹر اسکول ہزل گوئی کا مقابلہ منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے برجستہ جملوں، لطیف مزاح اور دلچسپ مکالموں کے ذریعے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ مہمانِ خصوصی سید عبد الرحیم صاحب نے اپنے خطاب میں اس سرگرمی کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے دور میں بچوں کو اردو کی اس پُرمسرت اور دل آویز صنفِ ادب سے روشناس کرانا لائقِ تحسین کوشش ہے۔ اختتام پر تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
اسی سلسلے میں 28 نومبر بروز جمعہ انٹر اسکول نعت خوانی کا پروقار مقابلہ ہوا، جس میں 40 طلبہ نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ پیش کی۔ نورانی فضاء سے گونجتی آوازوں نے محفل کو روحانی کیفیت عطا کی۔ صدارت سید عبد الرحیم صاحب نے انجام دی اور بچوں کو ان کی عمدہ پیشکش پر سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔
29 نومبر بروز سنیچر کہانی گوئی کا مقابلہ بھی نہایت کامیاب رہا۔ 20 طلبہ نے اخلاقی پیغام، حقیقت سے قریب تر اور سبق آموز کہانیاں معیاری انداز میں پیش کیں۔ جج معروف ادیب ،افسانہ نگار ڈاکٹر عظیم راہی صاحب نے بچوں کی تخلیقی صلاحیت، اعتماد اور پیشکش کی خوبیوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارک باد دی۔ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر اشفاق احمد اقبال نے پروگرام کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی سرپرست اردو کارواں ڈاکٹر مسرت فردوس صاحبہ نے بھی اساتذہ، طلبہ اور منتظمین کی محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹس پیش کیے۔
اختتامی نشست میں اُردو کارواں اورنگ آباد کی کوآرڈینیٹر امحترمہ نفیسہ بیگم انچارج عرفان سوداگر و ممبران محترمہ رشیدہ صاحبہ، صاحبہ اور محترمہ نُزہت صاحبہ ،اردو کارواں کلب کے ممبران محمد انصار افنان باجعمان،سالم باجعمان،کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ مقررین اور شرکاء نے کہا کہ عشرۂ اردو کے موقع پر ایسے باوقار اور معیاری پروگرام نہ صرف طلبہ کی شخصیت سازی اور تربیت میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ شہر کی ادبی و تعلیمی فضا کو بھی تازگی بخشتے ہیں۔
مزید یہ کہ تمام مقابلوں کے نتائج کا اعلان اُردو کارواں اورنگ آباد کے یومِ تاسیس کے موقع پر کیا جائے گا۔ پروگرام کے اختتام پر اساتذہ، مہمانانِ خصوصی، طلبہ اور تمام منتظمین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا اور توقع ظاہر کی گئی کہ اُردو کارواں مستقبل میں بھی اسی جذبے اور خلوص کے ساتھ زبان و ادب کی خدمت جاری رکھے گا۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے