
ناندیڑ:17؍ستمبر ( راست) الحمدللہ بتاریخ 16 ستمبر 12 ربیع الاول کے روز سی ائی او جماعت اسلامی ہند کی جانب سے ایک روزہ سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔جماعت اسلامی ناندیڑ کے دفتر پر بچوں کے لیے ایک نہایت ہی متاثر کن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریباً 40 منتخب بچوں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد بچوں کے دلوں میں نبی ﷺ کی محبت کو جاگزیں کرنا اور ان کے عظیم مشن سے روشناس کرانا تھا۔ لیبر کالونی ، پیر برہان و چیتنیہ نگر کے بچے اس کانفرنس کا حصہ تھے جو ظہر کی نماز سے لے کر مغرب تک جاری رہی۔پروگرام کی خاص بات پروجیکٹر کے ذریعے مدینہ منورہ کا دلچسپ ٹور تھا، جس نے بچوں کے دلوں میں مدینہ اور نبی ﷺ کی سیرتِ طیبہ کی محبت کو مزید گہرا کر دیا۔ بچوں کو نبی ﷺکے اخلاق، ان کی شفقت اور دین اسلام کی بنیادی تعلیمات کے بارے میں دلچسپ انداز میں بتایا گیا۔ کانفرنس کے دوران بچوں نے نبی ﷺ کے مشن کو نہ صرف سمجھا بلکہ اس سے اپنے دلوں میں ایک گہرا رشتہ بھی محسوس کیا۔یہ کانفرنس بچوں کی تربیت کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔
چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن ناندیڑ