किया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

دیگلور ناکہ یونٹ کے شہریوں کو بار بار بجلی کی عدم دستیابی !

سوشل ورکر ایوب خان کی قیادت میں وفد کی چیف انجینئرسے نمائندگی

ناندیڑ: 30؍ جنوری (نمائندہ اعتبار)دیگلور ناکہ یونٹ کے شہریوں کو بار بار بجلی کی عدم دستیابی اور اس سے ہونے والی پریشانیوں کے ازالے کے لیے آج ایک وفد نے چیف انجینئر، زون آفس، وِدھوت بھون، ناندیڑ سے ملاقات کرتے ہوئے ایک تفصیلی میمورنڈم حوالے کیا۔ اس وفد کی قیادت معروف سماجی کارکن جناب ایوب خان ولد قادر خان پٹھان نے کی۔میمورنڈم میں اس بات کا ذکر کیا گیا کہ شہریوں کو طویل عرصے سے بجلی کی فراہمی میں دشواریوں کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں روزمرہ کی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔مزید یہ بھی کہا گیا کہ لوک سبھا ضمنی و اسمبلی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے اس معاملے پر احتجاج کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔ تاہم انتخابات ختم ہونے کے بعد بھی شہریوں کو اس مسئلے سے نجات دلانے کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔میمورنڈم میں خاص طور پر اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ 2؍ مارچ 2025ء سے رمضان کا مقدس مہینہ شروع ہو رہا ہے، اور اس دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا بے حد ضروری ہے۔ اس مقصد کے تحت فوری طور پر متعلقہ علاقے میں 10 ایم وی اے کا نیا ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ بجلی کی سپلائی کو بہتر بنایا جا سکے۔وفد نے مطالبہ کیا کہ اگر مذکورہ مسائل کو فوری طور پر حل نہیں کیا گیا تو شہری جمہوری طریقے سے احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اس ملاقات میں دیگر معزز شہریوں نے بھی شرکت کی اور اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جلد از جلد اقدامات کرنے کی اپیل کی۔دیگلور ناکہ کے عوام کو امید ہے کہ متعلقہ حکام اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر مناسب اقدامات کریں گے تاکہ انہیں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں 15؍ اکتوبر 2024ء کو بھی اسی مسئلے کے حل کے لیے سوشل ورکر جناب ایوب خان کی قیادت میں ایک میمورنڈم دیا گیا تھا،جس میں اس علاقہ میں مستقل طور پر JE (جونیئر انجینئر) کی تقرری کرنے اور 10 ایم وی اے کا ٹرانسفارمر نصب کرنے اور لائن اسٹاف میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ جس کے بعد JE ( جونیئر انجینئر) اور لائن اسٹاف میں پانچ ملازمین کی تقرری کی گئی ۔ فی الحال چیف انجینئر نے تیقن دیا کہ رمضان سے قبل تمام ڈی پی اور لائنز کو مین ٹیننس کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم ہوسکے۔ مذکورہ میمورنڈم پر جناب ایوب خان ولد قادر خان پٹھان ، شیخ مختار، شیخ محبوب، اقبال حیدر دیشمکھ، ظہیر الدین بابر، جمیل احمد، عبدالرؤف، جلیل احمد، سید مظہر، عبدالظہیر، ستار خان، عبدالجلیل، عبدالرؤف، محمد صابر، محمد مظفر، عبدالرزاق، عبدالوحید، شیخ سلیم، شیخ جلیل، عبدالروشن، محسن خان و دیگر کے دستخط ہیں۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor aitebar news, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے