कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

خادم ملت محمد احسن نظیر منشی جہاں فانی سے کوچ کر گئے

شولاپور شہر کی علمی، تعلیمی، ثقافتی اور سماجی فضا آج ایک ایسی مایۂ ناز شخصیت کے سانحۂ ارتحال سے سوگوار ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی خدمتِ خلق، فروغِ تعلیم اور سماجی بہبود کے لیے وقف کر دی تھی۔ مرحوم کا اس دارِ فانی سے اچانک رخصت ہو جانا اہلِ شولاپور کے لیے ایک ایسا عظیم صدمہ ہے جس کا ازالہ بظاہر ممکن نظر نہیں آتا۔
وہ ایک ہمہ جہت اور باوقار شخصیت کے مالک تھے جن کا شمار شہر کی اُن ممتاز ہستیوں میں ہوتا تھا جو تعلیمی، ثقافتی اور سماجی میدان میں سرفہرست رہیں۔ سینکڑوں مستحق اور نادار طلبہ کی تعلیم کے لیے مالی وسائل فراہم کرنا، ہزاروں گھروں کو رشتوں کے بندھن میں جوڑ کر معاشرتی استحکام کا ذریعہ بننا، متعدد اسکولوں کو مالی تعاون فراہم کرنا، لائبریریوں کا قیام، کمپیوٹر اور تعلیمی وسائل مہیا کرنا—یہ سب وہ کارنامے ہیں جو مرحوم کی زندہ جاوید خدمات کا حصہ ہیں اور ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
مرحوم مختلف ملی، سماجی اور تعلیمی تنظیموں سے وابستہ رہے اور ہر جگہ اپنی بصیرت، خلوص اور فعال کردار کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔ بالخصوص نور چیرٹیبل ٹرسٹ کے روحِ رواں کی حیثیت سے انہوں نے بے مثال خدمات انجام دیں اور اس ادارے کو خدمتِ انسانیت کا ایک معتبر مرکز بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے اچانک رخصت ہو جانے سے نہ صرف اہلِ شولاپور بلکہ ان سے وابستہ تمام تنظیمیں خود کو یتیم اور بے سہارا محسوس کر رہی ہیں۔
مرحوم کی شخصیت صرف ایک فرد کی نہیں بلکہ ایک ادارے کی حیثیت رکھتی تھی۔ ان کی موجودگی اہلِ شہر کے لیے حوصلہ، رہنمائی اور سہارا تھی۔ انہوں نے بے شمار نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارا، بے شمار خاندانوں کو خوشیوں سے ہمکنار کیا اور اپنے کردار و عمل سے خدمتِ انسانیت کی ایک روشن مثال قائم کی۔
پرواز فاؤنڈیشن شولاپور مرحوم کی گراں قدر خدمات کو عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کرتی ہے اور اس عظیم خسارے پر دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ یقیناً ایسی مخلص اور خدمت گزار شخصیت کی کمی مدتوں محسوس کی جاتی رہے گی۔
ہم دعا گو ہیں کہ ربِ کریم مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی خدمات کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے اہلِ خانہ اور تمام وابستگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون۔
محزونِ دل و دعاگو
محمد سمیع مومن
صدر پرواز فاؤنڈیشن شولاپور

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے