किया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

حضرت مولانا شاہد جمال صاحب رح (استاذ جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا) انتقال کر گئے

از قلم مفتی محمد اسلم جامعی
(استاذ دارالعلوم محمدیہ قدوائی روڑ)
( بذریعہ ضلع نامہ نگار اعتبار نیوز محمد سرور شریف )
مورخہ 2 اپریل 2025
بروز بدھ

منجمد ہوتی چلی جاتی ہیں آوازیں تمام
ایک سناٹا ہے سارے شہر میں پھیلا ہوا
خانوادۂ شمسی کے گوہر شب چراغ، حضرت مولانا محمد سلیمان شمسی صاحب رح کے خرمنِ علم سے وافر مقدار میں خوشہ چینی کرنے والے اور ان کے علوم ومعارف کے حقیقی وارث و جانشین حضرت مولانا شاہد جمال صاحب بھی اپنی حیاتِ مستعار کو گزار کر خالقِ حقیقی سے جا ملے، حضرت مولانا صغیر احمد شمسی صاحب کے ذریعہ یہ غم زدہ خبر موصول ہوئی کہ مولانا شاہد جمال صاحب کا انتقال ہوگیا، اس خبرِ وحشت اثر کو اچانک بغیر کسی ذہنی آمادگی کے سن کر دل دھک سے رہ گیا، دل یقین کرنے کے لیے تیار نہ ہوا کیونکہ گزشتہ کل ہی مولانا نے گروپ میں ایک میسج سینڈ کیا تھا، کیا خبر تھی کہ مولانا کا یہ آخری میسج ہے اس کے بعد مولانا ہمیشہ کے لئے خاموش ہوجائے گے، ان کی یادیں، اور باتیں داستانِ زندگی کا خواب بن رہ جائے گی، فوراً دیگر گروپ میں دیکھا تو حضرت مولانا میر ذاکر علی صاحب محمدی کا مولانا کے سانحۂ ارتحال پر ایک مضمون نظر نواز ہوا دل کی گہرائیوں سے انا للہ وانا الیہ راجعون پڑھا، دل غمزدہ اور چشمِ گریاں ہوگئی، راقم السطور نے مولانا کو دیکھا نہیں تھا، مگر جب شمسی صاحب رح پر ایک طویل مضمون لکھنے کا موقع ملا تو شمسی صاحب رح کے علمی عملی کارہائے نمایاں کو جاننے کے تئیں مولانا سے فون پر کافی گفتگو کرنے کا موقع ملا، پھر اس کے بعد سے مولانا سے گہری شناسائی ہوگئی، وقتاً فوقتاً بات چیت ہوتی رہی، مولانا مرحوم دارالعلوم محمدیہ کے قدیم فاضل اور مایہ ناز استاذ تھے، شمسی صاحب رح کے اکل کوا تشریف لے جانے پر مولانا مرحوم بھی اکل کوا تشریف لے گئے اور تقریباً چار دھائی پر مشتمل عرصہ کو درس تدریس، تعلیم وتعلم اور طلباء کی ذہنی و اخلاقی کردار سازی اور علمی آبیاری میں لگادیا، حیاتِ مستعار کے اخیر لمحات تک خدمتِ دین سے وابستہ رہے، مولانا مرحوم کے بعض شاگردوں سے جب بھی ملاقات ہوئی تو مولانا کی تعریف میں رطب اللسان پایا، گروپ میں بھی کارآمد اور مفید میسیج ہی سینڈ کرتے تھے ان کے اس طرح اچانک انتقال سے اہلِ خانہ، اساتذۂ دارالعلوم محمدیہ اور برادرانِ محمدی یقیناً صدمہ سے نڈھال ہے، مگر مرضی مولیٰ کے سرِ تسلیم خم، خداوند قدوس نے مولانا مرحوم کو رمضان المبارک کے بابرکت ایام میں موت نصیب فرمائی جو خود تاقیام قیامت عذابِ قبر سے حفاظت کا سبب ہے، پروردگار عالم سے دعا ہے، خداوند متعال مولانا مرحوم کو اپنی بے پایاں رحمتوں سے نہال اور مالا مال فرمائے اہلِ خانہ، متعلقین اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین
مولانا مرحوم جس سفر پر روانہ ہوئے وہ آخری سفر ہے اور اس سفر سے سب ہی کو گزرنا ہے
بقول شاعر
تھکنا ہے، ٹھہرنا ہے، بہرحال سبھی کو
جی اپنا بھی بھر جائے گا ایک روز سفر سے
شریکانِ غم
مولانا حضرت مولانا انیس الرحمن صاحب قاسمی (شیخ الحدیث و صدر المدرسين دارالعلوم محمدیہ)
اساتذۂ کرام و طلباء عظام و اراکین دارالعلوم محمدیہ قدوائی روڈ مالیگاؤں۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor aitebar news, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے