कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

تبصرہ بر کتاب ’’کچھ لوگ ایسے بھی‘‘

تبصرہ نگار: مولانا فضیل اختر قاسمی بھیروی

کتاب: کچھ لوگ ایسے بھی
تالیف: مولانا مفتی محمد تبریز عالم حلیمی قاسمی
(استاذِ حدیث و فقہ، جامعہ اسلامیہ دارالعلوم، حیدرآباد، تلنگانہ)
ترتیب و تزئین: ایمن ظفر ازہری
صفحات: 411
ناشر: مکتبہ ضیاء الکتب خیرآباد، ضلع مئو، یوپی انڈیا*
تبصرہ نگار: مولانا فضیل اختر قاسمی بھیروی
تحریر جب قلب کی صداقت اور شعور کی بالیدگی سے جنم لے، اور قلم جب اخلاص، عقیدت اور روایت کے آبِ زر سے سیراب ہو، تو وہ الفاظ کی کائنات میں ایسی کتاب کی تخلیق کا سبب بنتی ہے جو صرف پڑھنے کے لیے نہیں بلکہ محسوس کرنے کے لیے لکھی جاتی ہے۔ مولانا مفتی محمد تبریز عالم حلیمی قاسمی کی یہ کتاب ’’کچھ لوگ ایسے بھی‘‘ ایسی ہی ایک معنوی، فکری اور روحانی کاوش ہے، جو وفا کے لہجے میں گندھی، ادب کی خوشبو میں رچی اور نسبتِ علم و عرفان کی زنجیر میں پروئی گئی ہے۔
یہ کتاب درحقیقت ایک حساس دل، مشاہدہ افروز نگاہ اور جذبۂ عقیدت سے سرشار قلم کی تخلیق ہے۔ مؤلفِ محترم نے ان شخصیات کے نقوشِ دوام کو تحریر کا جامہ پہنایا ہے جنہوں نے گمنامی کی چادر اوڑھ کر عظمت کے تاج پہنے، جن کی زندگیاں چراغِ راہ بن کر نسلوں کی فکری و روحانی تربیت کا ذریعہ بنیں۔
اس کتاب میں کئی مضامین اُن اساتذۂ کرام، مشائخِ عظام اور اربابِ علم و ادب پر مشتمل ہیں جن سے مؤلف نے براہِ راست یا بالواسطہ فیض پایا۔ بعض مضامین وہ ہیں جو وفات کے بعد اظہارِ وفا، اعترافِ عظمت اور تذکارِ خیر کے جذبے کے تحت رقم کیے گئے۔ یہ مضامین نہ صرف شخصی خاکے ہیں، بلکہ وہ آئینے ہیں جن میں ایک پراثر اور باوقار علمی معاشرے کا عکس جھلکتا ہے۔
مؤلف نے دورانِ درس اور مختلف علمی و فکری نشستوں میں اکابر اساتذہ کرام سے جو نکات، ملفوظات، اور علمی باتیں سنی، انھیں دل کے نہاں خانے میں محفوظ رکھا، اور اب اس حسین گلشن میں انہیں بڑی سلیقہ مندی اور حسنِ ترتیب سے یکجا کر دیا ہے۔ یہ علمی نکات صرف یادداشتیں نہیں بلکہ حکمت کے گوہر، بصیرت کے چراغ اور تجربے کی روشنی ہیں، جو طالبِ علم کے فہم و شعور میں رس گھول دیتے ہیں۔
اسلوب میں سلاست، شگفتگی، تہذیب، اور متانت کی آمیزش ہے۔ جملے معنوی اعتبار سے گہرے اور اسالیبِ بیان میں مرصع ہیں۔ مؤلف کے یہاں ادبی حُسن، فکری توازن اور لسانی چابکدستی کا امتزاج ایسا ہے کہ قاری ہر صفحے پر نہ صرف ایک علمی لذت محسوس کرتا ہے بلکہ ایک روحانی طمانینت سے بھی ہمکنار ہوتا ہے۔
اس کتاب کا ظاہری حُسن بھی باطن کی لطافت کا ترجمان ہے۔ رنگین طباعت، نفیس ٹائٹل، اور خوش خط کتابت یہ سب اس بات کی دلیل ہیں کہ ناشر نے نہ صرف علمی وقعت بلکہ جمالیاتی لطافت، فنی نزاکت اور دیدہ و دل نوازی کو بھی پیشِ نظر رکھا ہے۔
مکتبہ ضیاء الکتب خیرآباد ضلع مئو یوپی انڈیا جس کے ذمہ دار فاضلِ محترم، صاحبِ ذوق، اور علم و ادب کے شناور حضرت مولانا ضیاء الحق صاحب قاسمی دامت برکاتہم العالیہ(حاجی بابو) ہیں، جنہیں یہ شرف حاصل ہے کہ وہ رئیس القلم حضرت مولانا اعجاز احمد صاحب بھیروی اعظمی نور اللہ مرقدہ جیسے عظیم ادیب، قادرالکلام مصنف اور خوش ذوق مربی کے شاگردِ رشید ہیں۔ مولانا ضیاء الحق صاحب خود بھی درجنوں وقیع علمی و ادبی کتابوں کے مصنف ہیں، اور بلند پایہ ذوق کے حامل ہیں۔
وہ اس انتخابِ کتب اور عمدہ طباعت پر بجا طور پر تحسین و تبریک کے مستحق ہیں۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ کتاب کے اندر خود حضرت مولانا اعجاز احمد اعظمی رحمۃ اللہ علیہ کا تعارف نہایت مختصر مگر جامع انداز میں شامل ہے۔
’’کچھ لوگ ایسے بھی‘‘ محض ایک کتاب نہیں، بلکہ یہ ادبِ شخصیت نگاری، فنِ تذکرہ نویسی، اور روایتِ اخلاص و نسبت کا نفیس ملاپ ہے۔ یہ ان تمام حضرات کے لیے تحفہ ہے جو علم و عمل کی وراثت سے محبت رکھتے ہیں، اور ان ہستیوں کو یاد رکھنا چاہتے ہیں جنہوں نے زندگی کی تاریکیوں میں چراغ روشن کیے۔
دعا ہے کہ ربِ کریم استاذِ محترم کی اس علمی کاوش کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، مؤلف کو جزائے خیر دے، اور اس کتاب کو نسلوں کے لیے فیضِ عام کا ذریعہ بنائے۔ آمین یا رب العالمین۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے