कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

تبصرہ بر کتاب مناجاتِ مقبول

تبصرہ نگار: فضیل اختر قاسمی بھیروی
نامِ کتاب: مناجاتِ مقبول
مصنف: حکیمُ الامت مجددِ ملت حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ
ترجمہ، تشریح، تحقیق و تخریج:
حضرت مولانا مفتی امدادالحق بختیار قاسمی
(استاذِ حدیث و فقہ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد)
صفحات: 156
قیمت: 150 روپے

جب دعاؤں کی دنیا میں لفظ محض لفظ نہیں رہتا بلکہ نالۂ دل، لرزشِ روح اور آہِ نیم شب کی صورت اختیار کر لیتا ہے؛ جب زبان سے ادا ہونے والا ہر جملہ حمد و نیاز کا پیکر بن کر عرش کی طرف محوِ پرواز ہو جاتا ہے؛ اور جب تحریر محض سطور کی ترتیب نہیں بلکہ عبدیت کی گہری ترجمانی بن جائے تو وہاں کسی عام کتاب کا ذکر نہیں ہوتا، بلکہ ایک روحانی روایت، ایک ایمانی وراثت اور ایک فکری امانت کا تعارف مقصود ہوتا ہے۔
ایسے ہی پاکیزہ، معنوی اور تقدس آمیز ماحول میں مناجاتِ مقبول کا نام لیا جاتا ہے۔وہ کتاب جو دہائیوں سے اہلِ دل کی خلوتوں، اہلِ علم کی مجلسوں اور اربابِ نسبت کے معمولات میں شامل چلی آ رہی ہے، اور جس نے دعاؤں کو محض الفاظ نہیں بلکہ شعورِ بندگی بنا کر پیش کیا ہے۔
حکیمُ الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ کی یہ شہرۂ آفاق تصنیف محض دعاؤں کا مجموعہ نہیں، بلکہ بندگی کی وہ مستند دستاویز ہے جس میں ایک عاجز بندہ اپنی بے بسی، احتیاج، انکسار اور امید کو الفاظ کا جامہ پہنا کر بارگاہِ ایزدی میں پیش کرتا ہے۔ اس کتاب کی مقبولیت کا راز نہ اس کی کثرتِ اشاعت میں ہے اور نہ محض حسنِ ترتیب میں؛ بلکہ اس کی اصل قوت اس روحانی صداقت میں مضمر ہے جو ہر دعا کے باطن میں دھڑکتی محسوس ہوتی ہے۔
تاہم زمانہ جیسا کہ اس کی فطرت ہے تغیر کا تقاضا کرتا ہے۔ زبانیں بدلتی ہیں، اسالیب میں گرد بیٹھ جاتی ہے، اور بعض تعبیرات نئی نسل کے لیے فہم کے اعتبار سے گراں بار ہو جاتی ہیں۔ ایسے میں کسی کلاسیکی متن کی نئی پیش کش محض طباعتِ نو نہیں ہوتی، بلکہ علمی دیانت، فکری ذمہ داری اور دینی احتیاط کا ایک کڑا امتحان بھی ہوتی ہے۔ یہی وہ نازک مرحلہ ہے جہاں حضرت مولانا مفتی امدادالحق بختیار قاسمی دامت برکاتہم العالیہ استاذِ حدیث و فقہ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد کا تحقیقی شعور، تدریسی تجربہ اور علمی ذوق پورے وقار کے ساتھ جلوہ گر ہوتا ہے۔
حضرت نے مناجاتِ مقبول کے ساتھ جو معاملہ کیا ہے، وہ نہ محض ترجمہ ہے اور نہ محض تشریح؛ بلکہ ایک ہمہ جہت، منظم اور ذمہ دار علمی خدمت ہے۔ دعا کے ہر لفظ کو اس کی اصل روح کے ساتھ اردو قالب میں منتقل کیا گیا ہے، اس انداز سے کہ قاری نہ دعا کے تسلسل سے منقطع ہوتا ہے اور نہ معنی کی باریکیوں سے محروم رہتا ہے۔ لفظ بہ لفظ ترجمہ، حواشی میں توضیح، مشکل تراکیب کی گرہ کشائی، آیات و احادیث کے مستند حوالہ جات، یہ سب اس بات کی بین دلیل ہیں کہ یہ کام محض عقیدت کا نہیں بلکہ گہری علمی بصیرت اور تحقیقی دیانت کا ثمر ہے۔
اس نسخے کی ایک اور نمایاں جہت اس کی بصری جمالیات ہیں۔ رنگین اور دیدہ زیب طباعت، واضح و مکمل اعراب، نفیس خط اور متوازن ترتیب یہ سب مل کر قاری کے ذوقِ جمال کو تسکین دیتے ہیں اور کتاب سے ایک فطری انس پیدا کرتے ہیں۔
اہلِ علم کی نگاہ میں کسی کتاب کی قدر و قیمت اس وقت دوچند ہو جاتی ہے جب جلیل القدر اہلِ فکر اس کی توثیق کریں۔ مناجاتِ مقبول کے اس محقق نسخے پر اکابر علماء کی تقاریظ دراصل اس کی علمی استنادی حیثیت پر مہرِ تصدیق ہیں۔ ایسی مہر جو اسے محض ایک خوب صورت اشاعت نہیں بلکہ ایک معتبر، قابلِ اعتماد اور دائمی حوالہ بنا دیتی ہے۔
یہ کتاب ان حضرات کے لیے بھی ہے جو دعاؤں کے مفہوم میں اترنا چاہتے ہیں، اور ان کے لیے بھی جو الفاظ کے پسِ پردہ چھپی روح تک رسائی کے خواہاں ہیں۔ اس مرتب و محقق نسخے کو دیکھ کر یوں گمان ہوتا ہے کہ مناجاتِ مقبول اب صرف دعاؤں کا مجموعہ نہیں رہی، بلکہ سالکِ راہِ دعا کے لیے رفیقِ دعا اور اہلِ خلوت کے لیے ہم سفرِ خلوت بن چکی ہے؛ ایسی ہمراہی جو تنہائی میں حوصلہ بخشتی ہے، دل کی شکستگی کو زبان عطا کرتی ہے، اور بندے کو لفظوں کے پردے سے نکال کر کیفیتِ حضور تک پہنچا دیتی ہے۔ بالفاظِ دیگر، یہ کتاب نہ شورِ بیان کی محتاج ہے، نہ رنگِ مبالغہ کی؛ اس کی تاثیر خاموش ہے مگر گہری، اور اس کی قبولیت بے آواز مگر دیرپا ہے۔
ہم صناع لاثانی و منعمِ حقیقی کی بارگاہِ ایزدی میں سر بسجود ہوکر دعا گو ہیں کہ ذاتِ حق جل مجدہ اس علمی و روحانی خدمت کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اس کتاب کو اہلِ دل کے لیے چراغِ راہ بنائے، اور آنے والی نسلوں کے لیے فہمِ دعا کا ایک معتبر، محفوظ اور زندہ وسیلہ قرار دے۔ آمین۔
18 دسمبر 2025ء، بروز جمعرات
وقت بعد عصر 5: 45

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے