किया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

باغبان برادری پنچ کمیٹی ناندیڑ کاتعلیمی بیداری کی سمت ایک خوش آئند قدم

از قلم : سید آصف ندوی

گزشتہ روز مجھے باغبان فنکشن ہال، ناندیڑ میں منعقدہ ایک اہم تقریب میں شرکت کا موقع ملا۔ یہ تقریب باغبان برادری پنج کمیٹی کی جانب سے ان طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ترتیب دی گئی تھی جنہوں نے حالیہ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں امتیازی اور شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔
باغبان برادری بنیادی طور پر ایک تجارتی برادری ہے، جہاں بیشتر افراد کا رجحان کاروبار کی طرف ہے اور بدقسمتی سے تعلیم کا تناسب یہاں اب تک تشویشناک حد تک کم ہے۔ تاہم، خوشی کی بات یہ ہے کہ برادری کے موجودہ ذمہ داران، خاص طور پر پنچ کمیٹی کے صدر اور دیگر حساس اہل فکر حضرات مسلسل کوشاں ہیں کہ تعلیمی بیداری کی کوئی روشن کرن اس برادری میں پیدا ہو۔ یہ جدوجہد اگرچہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور مکمل کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے، لیکن اس سمت میں یہ تقریب یقیناً ایک حوصلہ افزا قدم ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پچھلے دو تین برسوں سے برادری کے اندر کامیاب طلبہ کے اعزاز میں اس نوعیت کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جن میں انہیں سرٹیفکیٹس، شیلڈز اور ہلکے تحائف پیش کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ تاہم، میری ناقص رائے میں صرف ان تقریبات کا انعقاد کافی نہیں ہے۔ اگر ہم برادری میں تعلیمی انقلاب دیکھنا چاہتے ہیں تو محض ستائش سے آگے بڑھ کر ایک مربوط اور منظم نظام ترتیب دینا ہوگا۔
اپنی گفتگو میں میں نے اس پہلو پر زور دیا کہ ہمیں ایک مستقل اور مربوط لائحہ عمل وضع کرنا چاہیے جس کے ذریعے برادری کے بچوں کی ابتدائی رہنمائی سے لے کر اعلیٰ تعلیم تک کی تمام راہیں ان پر واضح ہوں۔ میں نے تجویز پیش کی کہ دسویں اور بارہویں کے بعد کامیاب طلبہ کے لیے ایک سالانہ رہنمائی پروگرام ترتیب دیا جائے جس میں انہیں مستقبل کے تعلیمی مواقع، مختلف شعبوں کی اہمیت، پروفیشنل کورسز اور وظائف کے امکانات سے روشناس کرایا جائے۔
میں نے خاص طور پر اس امر کی طرف توجہ دلائی کہ برادری کے نادار اور کمزور طبقات کے لیے ایک تعلیمی فنڈ قائم کیا جانا از حد ضروری ہے۔ اس فنڈ کے ذریعے مستحق طلبہ کی اسکول فیس، کالج فیس اور پیشہ ورانہ کورسز کے اخراجات ادا کیے جا سکتے ہیں۔ میں نے یہ بھی عرض کیا کہ برادری کی سطح پر ایک معیاری لائبریری قائم کی جائے جہاں طلبہ نہ صرف کتابوں تک رسائی حاصل کریں بلکہ مطالعاتی ذوق بھی پروان چڑھائیں۔ اگر ممکن ہو تو ایک اجتماعی کوچنگ سینٹر بھی ترتیب دیا جائے جہاں تعلیمی کمزوریاں دور کی جا سکیں۔
میں نے اپنی گفتگو میں اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ صرف برادری کے ذمہ داران کا کام نہیں ہے۔ اس خواب کی تعبیر تبھی ممکن ہے جب برادری کا ہر فرد، ہر خاندان، ہر والدین اپنی ذمہ داری محسوس کرے اور اپنی نسلوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی فکر اپنے دل میں جگہ دے۔
افسوس کہ آج بھی ہماری حالت یہ ہے کہ جیسے ہی کوئی بچہ سمجھدار ہونے لگتا ہے تو ہم اس کے ہاتھ میں قلم اور کتاب دینے کے بجائے ترازو اور ماپ تھما دیتے ہیں اور اسے بازار کی راہوں پر لگا دیتے ہیں۔ یوں وہ وقتی کمائی کا ذائقہ چکھ لیتا ہے اور تعلیم کا سفر ادھورا چھوڑ دیتا ہے۔
میں نے اپنے خطاب کے اختتام پر بالخصوص طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے یہ عرض کیا کہ آج کا دور مقابلے کا دور ہے — مقابلہ صرف بازاروں اور کاروبار میں نہیں، بلکہ علم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی ہے۔ اگر ہم نے اپنے آپ کو ان جدید ہتھیاروں سے آراستہ نہ کیا تو خدشہ ہے کہ آنے والے وقتوں میں ہماری اگلی نسلیں وہ کاروبار بھی نہ سنبھال سکیں گی جو آج ہم بڑی محنت سے چلا رہے ہیں۔ ممکن ہے کہ آج کے تخت نشین کل فرش نشین بن جائیں۔
میں نے طلبہ سے عرض کیا کہ اپنی تعلیمی ترقی کو محض ذاتی کامیابی نہ سمجھیں بلکہ یہ دراصل آپ کی آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے کی ایک کوشش ہے۔ تعلیم صرف ایک ڈگری کا نام نہیں، یہ وہ روشنی ہے جو فرد کی زندگی کو سنوارتی ہے اور قوم کی قسمت کو بدلتی ہے۔
مجھے خوشی ہے کہ میری ان گزارشات کو برادری کے ذمہ داران اور حاضرین نے نہایت توجہ اور سنجیدگی سے سنا اور مجھے امید ہے کہ ان شاء اللہ یہ تجاویز جلد عملی صورت میں سامنے آئیں گی۔
اس تقریب میں مفتی اعظم قاسمی ، مولانا عمران ندوی اور پروفیسر ریاض صاحب نے بھی اپنے بصیرت افروز خیالات پیش کیے۔ بعد ازاں باغبان برادری پنج کمیٹی کے صدر حاجی محمد عثمان صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار فرمایا اور برادری کے تعلیمی مستقبل کے حوالے سے امید افزا باتیں کیں۔
تقریب کے اختتام پر امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی گئی اور شیلڈز و اسناد تقسیم کی گئیں۔ مجموعی طور پر یہ ایک کامیاب اور پر اثر تقریب تھی جس کے لیے تمام ذمہ داران اور ہر وہ فرد مبارکباد کا مستحق ہے جنہوں نے اس پروگرام کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا بالخصوص ذاکر سر ، عبدالقدوس سر اور باغبان برادری نوجوان کمیٹی کے تمام ہی ذمہ داران اور دیگر نوجوانوں کی خاموش محنت واقعی قابلِ ستائش ہے۔
اللہ تعالیٰ ان تمام کوششوں کو قبول فرمائے، اس برادری کو علم و شعور کی دولت سے مالامال کرے اور اسے ترقی کی راہوں پر گامزن فرمائے۔ آمین۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor aitebar news, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے