किया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ایک چمکتا ہوا ستارہ بجھ گیا۔۔۔ آہ۔۔۔ مبین کامرانی

تحریر: محمد شبیر احمد
ڈائریکٹر، الصفہ گروپ ناندیڑ

زندگی ایک سفر ہے… کچھ لوگ خاموشی سے آتے ہیں اور بغیر شور کیے دلوں میں اپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔ پھر جب وہ رخصت ہوتے ہیں تو صرف ان کا وجود نہیں، بلکہ زندگی کا ایک خوبصورت باب بند ہو جاتا ہے۔
ایسا ہی ایک روشن باب، ایک تابناک چمک، ایک مخلص وجود — محمد مبین کامرانی بھائی — اب ہم میں نہیں رہے۔
انا للہ و انا الیہ راجعون۔
مبین بھائی صرف ایک بے باک اور سچّے صحافی ہی نہ تھے، بلکہ ایک حساس دل رکھنے والے عظیم انسان، ایک وفادار دوست، ایک بے لوث رہنما، اور معاشرے کے درد کو محسوس کرنے والے ہمدرد انسان تھے۔
ان کی شخصیت ایک چراغ کی مانند تھی — جو جہاں گیا، وہاں روشنی بانٹ دی۔ ان کے الفاظ میں سچائی تھی، لہجے میں خلوص، اور رویے میں عاجزی۔ وہ نہ صرف خبروں کے ذریعے حق کی ترجمانی کرتے تھے، بلکہ عملی زندگی میں بھی ہر مظلوم کے ساتھ کھڑے نظر آتے تھے۔
ہمیں آج بھی 2017 کا وہ دن یاد ہے جب الصفہ گروپ کے ایک نئے اسکول کی بنیاد رکھنی تھی۔ تدریسی وسائل کی تیاری اور خریداری کا مرحلہ تھا، اور فکروں کا ایک بوجھ دل و دماغ پر چھایا ہوا تھا۔ ایسے میں مبین بھائی فرشتہ بن کر سامنے آئے۔
انہوں نے نہ صرف مشورہ دیا کہ حیدرآباد کا رخ کیا جائے، بلکہ خود ہمارے ہمراہ ہو لیے۔ ان کا ہر قدم، ہر بات، ہر مسکراہٹ ہماری رہنمائی کرتی رہی۔ حیدرآباد کی گلیاں، بازار، کتابوں کی دکانیں، اور ان کا ان سے مانوس انداز — سب ایک خوشگوار اور یادگار تجربہ تھا۔
ان کے ساتھ اس سفر کے ایک اور ساتھی، محترم انورالدین سر کی معیّت نے اس لمحے کو مزید قیمتی بنا دیا۔
یہ سفر محض تدریسی مواد کی خریداری کا نہیں تھا — یہ خلوص، رفاقت، اور محبت کا سفر تھا۔ مبین بھائی کی سنگت نے ہمیں یہ سکھایا کہ تعلق صرف لفظوں سے نہیں بنتے، بلکہ عمل، اخلاص اور قربانی سے بنتے ہیں۔
آج جب وہ ہمارے درمیان نہیں رہے، دل غم سے بوجھل ہے، لیکن ان کی یادیں، ان کا اخلاق، ان کی دعائیں، اور ان کی وہ بے ساختہ مسکراہٹ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔
وہ چلے گئے، لیکن اپنے پیچھے ایک ایسی روشنی چھوڑ گئے جو ہمیں ہمیشہ راہ دکھاتی رہے گی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمارے پیارے مبین بھائی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی لغزشوں کو معاف فرمائے، اور ان کے اہل خانہ کو صبرِ جمیل سے نوازے۔ آمین۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor aitebar news, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے