कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

اورنگ آباد میں یومِ القدس 2026 کا کامیاب انعقاد

اورنگ آباد:19؍مارچ(خان افراء تسکین)17 مارچ 2026، بروز منگل، ایک ایسی یادگار اور اثر انگیز شام ثابت ہوئی جب امتِ مسلمہ کے دل ایک ہی مقصد کے لیے دھڑکتے محسوس ہوئے۔ بین الاقوامی یومِ القدس کے موقع پر منعقدہ اس باوقار پروگرام نے نہ صرف فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیا بلکہ اتحاد، بیداری اور ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے کے عزم کو بھی تازہ کر دیا۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت ابوذر خان نے حاصل کی۔ اس کے بعد علی رضا کاظمی نے یومِ القدس کے پیغام کو نہایت مؤثر اور پُراثر انداز میں پیش کیا۔ ان کے یہ الفاظ “یومِ القدس ہمیں ایک مقام دیتا ہے، اتحادِ امت پیدا کرتا ہے اور فلسطین میں ہونے والے ظلم کے خلاف بیداری کی دعوت دیتا ہے” سامعین کے دلوں میں گہرائی تک اتر گئے۔بعد ازاں امامیہ گروپ کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے ایک پُرسوز ترانہ پیش کیا گیا، جس نے فضا کو درد، احساس اور یکجہتی کے جذبات سے بھر دیا۔ اس ترانے نے حاضرین کے دلوں میں فلسطین کے لیے محبت اور ذمہ داری کا احساس مزید مضبوط کر دیا۔معزز مہمانانِ گرامی کا پرتپاک استقبال نہایت خوبصورت انداز (کیفیہ) میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سید اعجاز علی کاظمی ، ڈاکٹر شاہد علی پردھان، ڈاکٹر ضیاءالدین صدیقی، ڈاکٹر عبد الوجید قادری، سید پرویز جعفری، ڈاکٹر عزیز قادری، ڈاکٹر مخدوم فاروقی، ڈاکٹر حسن دھگن، سید اعجاز حسین کاظمی، شارق نقشبندی اور سلمان مکرم، ڈاکٹر عبد الواجد قادری سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر دلشاد زیدی نے انجام دیے، جنہوں نے نہایت خوبصورتی، متانت اور مؤثر انداز میں پورے پروگرام کو مربوط رکھا۔پروگرام کے مقاصد کو سید علی رضا کاظمی اور سید مدثر کاظمی نے نہایت جامع اور دلنشین انداز میں پیش کیا، جس کے بعد خطابات کا باضابطہ سلسلہ شروع ہوا۔ڈاکٹر محمد حسین سورت والا نے اپنے خطاب میں غزہ کی دردناک صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے 2011 کے اپنے دورے کی یادیں تازہ کیں اور وہاں کے مظلوم عوام، خصوصاً خواتین اور بچوں کی استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا: “غزہ عزت کی سرزمین ہے، اور عزت صرف اللہ اور اس کے مومنین کے لیے ہے۔” انہوں نے اس جدوجہد کو ایک مقدس مقصد قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ ذاتی انتقام نہیں بلکہ حق و باطل کی جنگ ہے، جہاں صبر، شعور اور اتحاد بنیادی ستون ہیں۔ ان کے مطابق امت میں یہ شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کہ کون دوست ہے اور کون دشمن، کیونکہ “وحدت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور ذلت ایک مومن کے لیے سب سے بڑا عذاب۔”ڈاکٹر عبد الوجید قادری نے اپنے خطاب میں بصیرت اور وژن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: “بڑے لیڈرز کے مقاصد ہمیشہ بڑے ہوتے ہیں، اور یہی وژن انسانوں کو زندہ رکھتا ہے۔” انہوں نے مسجدِ اقصیٰ کی تاریخی اور روحانی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ انبیاء کی سرزمین ہے، اور یومِ القدس دراصل مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے قرآنِ مجید کو سمجھ کر پڑھنے کی ضرورت پر زور دیا اور فرقہ واریت کے خاتمے کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ڈاکٹر ضیاءالدین صدیقی نے اپنے خطاب میں واقعۂ معراج کا حوالہ دیتے ہوئے مسجدِ اقصیٰ کی عظمت بیان کی اور کہا کہ یومِ القدس شیعہ، سنی اور تمام مکاتبِ فکر کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر اتحاد و یگانگت کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق ہمیشہ باطل کے نشانے پر ہوتا ہے، اور حق کے لیے قربانی دینا ایک عظیم سعادت ہے۔پروگرام کا ایک اہم اور فکری حصہ پینل مباحثہ تھا، جس کا عنوان تھا: "فلسطین کے لیے امتِ مسلمہ کا اتحاد: عدل و سلامتی کے لیے مشترکہ جدوجہد” اس میں ڈاکٹر مخدوم فاروقی، شارق نقشبندی، ڈاکٹر حسن دھگن اور ڈاکٹر سلمان مکرم نے اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا اور موجودہ حالات پر سنجیدہ اور فکر انگیز گفتگو پیش کی۔سوال و جواب کے سیشن میں خواتین کی بھرپور شرکت نے پروگرام کو مزید جاندار اور بامعنی بنا دیا۔ محترمہ خان افراء تسکین، محترمہ روشنی سید، محترمہ ثنا سید اور محترمہ شفقت جہاں نے نہایت اہم سوالات اٹھائے، جنہوں نے مباحثے کو نئی جہت دی۔آخر میں ڈاکٹر محمد حسین سورت والا نے شکریہ اور دعائیہ کلمات پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اجتماع امت میں بیداری، اتحاد اور حق کے لیے مسلسل جدوجہد کا ذریعہ بنے گا۔یہ بامقصد اور روح پرور پروگرام ڈاکٹر شاہد علی پردھان کی زیر نگرانی الکسا ہائی ٹیک انٹرنیشنل ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اور باب العلم گروپ کے اشتراک سے منعقد ہوا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے