किया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ادائیگی زکوٰۃ، مال میں برکت و ترقی کا موجب

تحریر:عارف عزیز (بھوپال)

زکوٰۃ رکن اسلام، فریضہ دین اور اللہ تعالیٰ کی مالی عبادت ہے۔ قرآن مجید میں نماز کے بعد اسی کا ذکر اور درجہ ہے۔ اسلام کی بنیاد پانچ باتوں پر ہے جن میں سے ایک اہم ستون زکوٰۃ ہے۔ زکوٰۃ دینے والوں کے لئے نوید ہے اور زکوٰۃ نہ دینے والوں کے لئے سخت وعید ہے۔ چاندی، سونا، مال تجارت اور سائمہ جانوروں پر زکوٰۃ ہے۔ صدقہ فطر بھی زکوٰۃ کے اقسام میں شامل ہے۔ نیت اور ادائیگی فرض زکوٰۃ کیلئے ضروری ہے۔ اِسی طرح ایک قمری سال پورا ہوتے ہی زکوٰۃ ادا کردینا چاہئے تاخیر و تساہل نہ کیا جائے۔ قرآن مجید نے مستحقین زکوٰۃ کے متعلق جو ارشاد فرمایا ہے وہ آٹھ ہیں۔ اگر کسی میں ایک وصف بھی پایا جائے تو اسے زکوٰۃ دی جاسکتی ہے۔ تاہم سادات کرام، ہاشمی و مطلبی کو زکوٰۃ نہیں دی جائے گی۔ زکوٰۃ کے معنی پاک کرنے کے ہیں اس فریضہ کی ادائیگی کے سبب باقی مال پاک ہوجاتا ہے اور اس میں برکت و ترقی ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے ان بندوں پر جو مالک نصاب ہیں۔ ان پر زکوٰۃ کو فرض فرمایا ہے۔ اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والوں کے لئے بہترین اجر و بدل کی نوید بھی دی گئی ہے۔ صدقہ دراصل گناہوں کے وبال، نحوست اور پیش آئندہ مصائب اور بلاؤں کو ٹالنے کا وسیلہ ہے، جبکہ زکوٰۃ ملت کے مالداروں سے لے کر ملت کے غرباء ضرورت مند اور مستحقین میں تقسیم ہوتی ہے۔ اس کے ذریعہ بندوں سے بندوں کو فائدہ پہنچتا ہے لیکن خالق کونین اپنے کرم سے زکوٰۃ دینے والے کو مزید مال و دولت سے نوازتا ہے۔ لیکن یاد رہے کہ اللہ تعالیٰ اُس شخص کا صدقہ قبول نہیں کرتا جس کے رشتہ دار اس کے سلوک کے محتاج ہوں اور یہ غیروں کو دے دے، جو جتنا قریب ہے اُتنا ہی زیادہ آپ کے حقوق اُس پر اور اُس کے حقوق آپ پر ہیں۔ قرابت داروں کو ترجیح کا سبب یہ ہے کہ اگر یہ شخص اپنے رشتہ داروں کی خبر گیری کرے تو جملہ انسانوں کی خبر گیری ہوجائے گی۔ فقراء و مساکین میں انہیں ترجیح نہیں دی جائے گی جو دربدر بھیک مانگتے پھرتے ہیں بلکہ ان کو ترجیح دی جائے جو مستور الحال ہیں اور اپنی عزت اور خودداری کو ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ لوگوں کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے۔
لہٰذا زکوٰۃ ادا کرنا ہی نہیںِ مستحقوں تک پہنچانا بھی ضروری ہے، ہمارے معاشرہ میں اگر زکوٰۃ ادا کرنے کا عام مزاج بن جائے تو ملت کے کتنے ہی اقتصادی مسائل آج حل ہوسکتے ہیں۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor aitebar news, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے